میرا کراچینمایاں

کراچی کو ایک ضلع کی حیثیت ملنی چاہئے, وسیم اختر

میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف انتظامی و بلدیاتی اداروں کی تقسیم در تقسیم کے باعث شہریوں کا نقصان ہو رہا ہے کراچی کو ایک ضلع کی حیثیت ملنی چاہئے تاکہ مسائل ایک چھت تلے حل ہوسکیں، اندرونی سڑکوں کی تعمیر اہم ضرورت ہے جس کی جانب خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، وفاقی حکومت سے فنڈز ملنے پر اندرونی انفر اسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے پر کام کیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ضلع غربی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن یوسی 33- میں جنگل اسکول تا گلشن غازی موڑ تک ایک کروڑ چالیس لاکھ روپے کی لاگت سے 15ہزار اسکوائر فٹ تعمیر کی گئی سڑک کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اس موقع پر بلدیہ غربی کے چیئرمین اظہار احمد خان، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، چیئرمین ورکس کمیٹی حسن نقوی، یوسی چیئرمین، دیگر منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ ٹاؤن کی یہ سڑک عرصہ دراز سے تباہ حال تھی یہاں ٹریفک حادثات روز کا معمول تھے جبکہ یہاں کے مکینوں کو بے انتہا مشکلات کا سامنا تھا، علاقہ مکینوں کے مسائل کے باعث اس سڑک کی تعمیر کی جا رہی ہے کیونکہ مرکزی سڑکوں پر کسی نہ کسی طرح کام ہوجاتا ہے مگر اندرونی سڑکوں کی تعمیر پر توجہ نہیں دی جاتی لہٰذا ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اندرونی انفراسٹرکچر پر توجہ دی جائے انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر سے قبل پانی و سیوریج کی لائنوں کو بھی ٹھیک کیا جا رہا ہے حالانکہ یہ ہمارا کام نہیں ہے مگر سڑکوں کو دیرپا بنانے کے لئے یہ کام بھی کئے جارہے ہیں تاکہ مکینوں کو سہولیات میسر آسکیں، انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری باشعور ہیں وہ سب جانتے ہیں کہ شہر کو کس طرح نظر انداز کرکے تباہی کے دہانے پر کھڑا کردیا گیا ہے، ہمیں ترقیاتی کاموں کے لئے فنڈز فراہم نہیں کئے جا رہے ہیں جس کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے مگر موجودہ بلدیاتی قیادت کی جانب سے شہریوں کے مسائل کے حل کے لئے کوششیں جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں عوامی مسائل کے حل کے لئے ترقیاتی کام جاری ہیں ہم نے وسائل کی کمی کو عذر نہیں بنایا اور جتنے بھی فنڈز دستیاب ہوئے انہی کاموں پر خرچ ہو رہے ہیں، منتخب بلدیاتی نمائندوں کا اپنے حلقے کی عوام کے ساتھ قریبی رابطہ ہے اور ان کی مشاورت اور رہنمائی سے ترقیاتی منصوبے بنائے جاتے ہیں تاکہ ان کاموں کے ثمرات زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچ سکیں، انہوں نے کہا کہ لوگوں کی امیدیں بلدیاتی نمائندوں سے وابستہ ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ان کے علاقے کے مسائل جلد از جلد حل ہوں، خود ہماری بھی یہ کوشش ہے کہ لوگوں کی توقعات کے مطابق کام ہوں اور انہیں ہرممکن بہتر بلدیاتی سہولیات میسر آئیں،دنیا بھر میں ایسے شہروں پر خاص توجہ دی جاتی ہے اور ان کی ترقی کے لئے خصوصی پلان ترتیب دیئے جاتے ہیں لہٰذا کراچی شہر کا بھی یہ حق ہے کہ اس کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی منصوبہ سازی کی جائے اور شہر کو اس طرح ترقی دی جائے کہ یہاں صنعتی و تجارتی سرگرمیاں مزید فروغ پائیں اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہوسکیں، انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کو اون کرتے ہیں اور اس کی بہتری کے لئے جو بھی اقدامات ضروری ہوئے کئے جائیں گے۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button
Close
Close