کراچی میں منگل کی صبح سویرے مختلف ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے۔پہلا واقعہ کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں قیوم آباد چورنگی کے قریب تیز رفتار مسافر مزدا نے خاتون کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی گئی۔ خاتون کی فوری شناخت نہیں ہو سکی۔ دوسرا بڑا حادثہ ڈیفنس موڑ، کورنگی روڈ پر پیش آیا، جہاں پولٹری ٹرک کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہو گیا جبکہ رکشے کو شدید نقصان پہنچا اور اس میں سوار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق موٹرسائیکل سوار کی شناخت 50 سالہ ماجد خان ولد عادل شاہ کے نام سے ہوئی، جو ایک نجی سکیورٹی کمپنی میں گارڈ کے طور پر کام کرتا تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پولٹری ٹرک کو تحویل میں لے لیا اور ڈرائیور ارشد کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ادھر شاہ فیصل کالونی برج پر ٹرالر الٹنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ پولیس نے متبادل راستہ فراہم کرتے ہوئے گاڑیوں کو فوجی فاؤنڈیشن کی جانب موڑ دیا تاکہ ٹریفک بحال رہے۔






