وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے دریائے سندھ میں آئندہ ہفتے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سیلابی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں محکمہ موسمیات کی وارننگز اور پنجاب میں حالیہ سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ 4 اور 5 ستمبر کو گڈو اور سکھر بیراج پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آسکتا ہے۔ اس موقع پر صوبائی مون سون کنٹی جنسی پلان 2025 پر مکمل عملدرآمد کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وزرا اور ارکان اسمبلی دریائے سندھ کے کناروں پر تعینات ہوں گے اور پشتوں کے ساتھ ساتھ خطرہ زدہ علاقوں کی براہ راست نگرانی کی جائے گی۔وزیراعلیٰ نے خیمے، راشن، کشتیاں، دوائیں اور مشینری فوری طور پر تیار رکھنے کا حکم دیا جبکہ محکمہ صحت کو ہنگامی ویکسینیشن مہم اور میڈیکل ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت دی۔کے ایم سی، بلدیاتی اداروں اور ریسکیو حکام کو انخلا اور متاثرین کے لیے محفوظ پناہ گاہوں کے انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سندھ حکومت پنجاب کے عوام کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔






