شہر کے تمام علاقوں میں واٹر سپلائی کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا جائے

سیکرٹری بلدیات سندھ نجم احمد شاہ نے واضح کیا ہے کہ کراچی کی عوام کے حصے کا پانی ہرگز چوری نہیں ہونے دیا جائے گا اور پانی کی طلب ورسد جانچنے کے لئے سائنٹیفک بنیادوں پراقدامات اٹھائے جائیں۔
وزیراعلی و وزیربلدیات سندھ کی ہدایات کی روشنی میں سیکرٹری بلدیات سندھ نجم احمد شاہ کی زیر صدارت کراچی میں فراہمی آب کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
سیکرٹری بلدیات سندھ نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ کراچی شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی اورصنعتی ضروریات میں پانی کے استعمال کے پیش نظر منصفانہ بنیادوں پر تمام شہر میں پانی کی تقسیم بلاتعطل یقینی بنائی جائے۔
نجم احمد شاہ نے کہا کہ ترقی یافتہ معاشروں میں پانی کی رسد و طلب کو کنٹرول و مانیٹر کرنے کے حوالے سے جس تکنیک کا استعمال کیا جاتا ہے، محکمہ بلدیات سندھ بھی ان ہی خطوط پر مستقبل کی آبی ضروریات کے پیش نظر منصوبہ بندی کرنا چاہتا ہے لہذا واٹربورڈ اورماہر انجنیئر ایساسرٹیفائیڈ مکینزم تشکیل دیں جس کے ذریعے نہ صرف پانی چوری روکنے میں مدد ملے بلکہ اس کی تقسیم اور طلب جانچنے کے حوالے سے بھی رہنمائی حاصل ہوسکے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جن علاقوں میں والومینوں کی ملی بھگت سے پانی کی تقسیم میں گربڑ کی شکایات موصول ہوں ان کے خلاف سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے اور تمام غیر قانونی واٹر ہائڈرنٹس کا نام و نشان تک مٹا دیا جائے۔
انجینئرسید نجم احمد شاہ نےتمام افسران کوبطور خاص ہدایت کی کہ فراہمی آب کے حوالے سے جامع حکمت عملی تیار کرنے میں جو بھی قانونی سقم ہیں وہ دور کئے جائیں اور ہنگامی بنیادوں پر شہر کے تمام علاقوں میں واٹر سپلائی کنٹرول اینڈ مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا جائے۔