Home Crime ڈیفنس فیز 5 میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والے ملزم کو شناخت کرلیاگیا

ڈیفنس فیز 5 میں پولیس اہلکار کو قتل کرنے والے ملزم کو شناخت کرلیاگیا

by admin
Spread the love

شہر قائد کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہل کار کو گولی مار کر قتل کردیا گیا، جس کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے ملزم کی شناخت کرلی، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ڈیفنس کے علاقے فیز فائیو 26 اسٹریٹ عبداللہ شاہ غازی مزار کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی شب فائرنگ کے واقعہ میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا، جس کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لے جائی گئی۔ مقتول کی شناخت عبدالرحمٰن کے نام سے کی گئی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مقتول پولیس اہلکار شاہین فورس میں تعینات تھا جس کی درخشاں کے علاقے ڈیفنس خیابان بادبان میں ڈیوٹی تھی۔

اہلکار نے توحید کمرشل کے قریب ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر اس کا تعاقب کیا۔اس دوران ملزم نے پولیس اہلکار پر فائرنگ کر دی اور موقع سے گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔ پولیس نے جائے وقوع کے اطراف میں لگے کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے کے بعد ملزم  کا سراغ لگا لیا۔

مقتول کا آبائی تعلق بونیر سے تھا ، اور اس کا نکاح ہوچکا تھا جب کہ آئندہ ماہ دسمبر میں شادی طے تھی۔ ایس ایس پی ساؤتھ اسد رضا کے مطابق فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاہین فورس کے اہلکار عبد الرحمٰن کے قتل کا واقعہ 11:45 کے قریب پیش آیا ۔فوٹیج میں سیاہ رنگ کی ٹرینٹ گاڑی کو گزرتے دیکھا گیا۔
گاڑی کے گزرتے ہی موٹر سائیکل پر سوار پولیس اہلکاروں کو بھی پیچھے آتے دیکھا گیا ۔پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کار کا نمبر اور ملزم کا چہرہ واضح طور پر شناخت کرنے کے بعد کار کے نمبروں سے ملزم کے گھر کا پتا حاصل کرکے چھاپا مارا، تاہم وہاں کار موجود تھی جب کہ ملزم فرار ہوچکا تھا ۔پولیس نے ملزم کی کار قبضے میں لے لی۔

کار کے شیشے پر پولیس اہلکار کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کا نشان بھی موجود تھا ۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم اور پولیس اہلکار کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی بھی منظر پر آگئی، جس میں اہلکار کے ہاتھ میں اسلحہ دیکھ کر ملزم نے بھی اپنا اسلحہ نکال لیا جس پر پولیس اہلکار نے ملزم سے سول کیا کہ تم نے اپنا اسلحہ کیوں نکالا ، ملزم کا کہنا تھا کہ تم نے اسلحہ نکالا تو میں نے بھی نکال لیا ۔

اہلکار نے کار سوار کو کہا کہ گاڑی میں بیٹھو اور تھانے چلو ۔ملزم نے جواب دیاکہ آپ کو جہاں لے جانا ہے مجھے بتائیں میں خود جاؤں گا۔ اسی دوران تلخ کلامی ہوئی اور مسلح شخص نے گولی چلادی، جو پولیس اہلکار کے سر پر لگی، جس سے اس کی موقع پر موت واقع ہوگئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اہلکار کو سر پر قریب سے نائن ایم ایم پستول کی ایک ہی گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔پولیس کو جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 3 خول بھی ملے ہیں ۔

پولیس کے مطابق مقتول اہلکار عبد الرحمٰن سٹی ریلوے کالونی 10 نمبر گیٹ کے قریب غوثیہ مسجد کے عقب والی گلی کا رہائشی اور 4 بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا ۔آبائی تعلق بونیر سے تھا۔ نکاح ہوچکا تھا اور  دسمبر میں شادی طے تھی۔مقتول کے بڑے بھائی نے ایکسپریس کو بتایا کہ عبدالرحمن آئندہ ماہ شادی سے قبل اپنے لیے گھر میں ایک خوبصورت کمرہ تیار کروا رہا تھا ۔

مقتول کے بھائی کے مطابق عبدالرحمن دوران ڈیوٹی فائرنگ سے شہید ہوا،تاہم کوئی افسر ہماری داد رسی کو نہیں آیا۔دوسری جانب پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے ما رہی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس نے ملزم کے گھر سے 2 افراد کو حراست میں لیا ہے تاکہ ملزم اپنی گرفتاری خود پیش کر دے ۔

You may also like

Leave a Comment