جرائمنمایاں

سانحہ مچھ :کراچی میں18مقامات پردھرنے،ٹریفک بند، شہری پریشان

سانحہ مچھ :کراچی میں18مقامات پردھرنے،ٹریفک بند، شہری پریشان

کراچی میں سانحہ مچھ کے خلاف مسلسل دوسرے روز بھی احتجاج جاری ہے۔مذہبی جماعت کی جانب سے شہر کے 18 مقامات پر دھرنے دئیے گئے ہیں۔ ملیر سے ٹاور آنے والے شہریوں کوناتھا خان روڈ بند ہونےسے پریشانی کا سامنا ہے اوردفاتر جانے والوں کو مشکلات درپیش ہوئیں۔

مذہبی جماعت کی جانب سے نمائش چورنگی پر مرکزی دھرنا دو روز سے جاری ہے۔ ایم اے جناح روڈ پر نمائش سے ٹریفک کی روانی بند ہے۔کوریڈوراور سولجربازار کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ زیادہ ہے۔

شارع فیصل کالونی گیٹ،پاور ہاؤس چورنگی، ابوالحسن اصفہانی روڈ پر دھرنا جاری ہے۔نیپا چورنگی بھی دھرنے کے باعث بند ہے اور شہریوں کو گلشن اقبال کے اندرونی راستوں سے یونی ورسٹی روڈ پرآنے کےلیے متبادل راستہ دیا گیا ہے۔سفاری پارک،عائشہ منزل،صفورہ چورنگی،کامران چورنگی پربھی مظاہرین موجود ہیں

شارع پاکستان بھی گزشتہ رات 2 بجے سے بند ہے اورہیوی ٹریفک رات سے کھڑا ہے جس کے بعد ڈرائیورزاور کلینر سب پریشان ہیں۔ عائشہ منزل امام بارگاہ کے باہر دھرنا کل رات 10 بجے شروع ہوا تھا جو جمعرات کو بھی جاری ہے۔کریم آباد سے عائشہ منزل جانے والا ٹریفک کے لیے ٹریک بند ہے۔

راستے بند ہونے سے مریضوں کو اسپتال پہنچانے والی ايمبولينسز کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔ مریض کہتے ہیں کہ مظاہرين احتجاج کے دوران ایمبولینسز کو راستہ ديں تاکہ وقت پراسپتال پہنچ سکيں۔

اتوار کو بلوچستان کے پہاڑی علاقہ مچھ میں کوئلہ کان میں مزدوری کرنے والے 10 افراد کو نامعلوم دہشت گردوں نے اغوا کیا اور بعد میں ان کے گلے کاٹ کر لاشیں پھینک دیں۔ داعش نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے تاحال کوئٹہ جانے کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں مگر ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’ہزارہ خاندانوں کو دوبارہ یقین دہانی کروانا چاہتا ہوں کہ میں ان کی تکالیف اور مطالبات سے آگاہ ہوں۔ مستقبل میں ایسے حملوں کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں اور جان لیں کہ ہمارا ہمسایہ اس فرقہ وارانہ دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔‘۔

عمران خان نے غمزدہ خاندانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کا درد بانٹتا ہوں اورغم کے ان لمحات میں یکجہتی کے اظہار کیلئے پہلے بھی آپ کے پاس آچکا ہوں۔ شہداء کے لواحقین سے دعا و تعزیت کیلئے میں ذاتی طور پر دوبارہ بھی جلد حاضر ہوں گا۔‘۔

انہوں نے کہا کہ ’میں اپنے لوگوں کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچاؤں گا۔ ازراہِ کرم اپنے پیاروں کو دفن کیجئے تاکہ ان کی روحیں آسودگی پائیں۔‘۔

Tags
Show More

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔

Back to top button
Close
Close