عوام کے لیے خوشی کی خبر ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق یکم دسمبر سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے 35 پیسے فی لیٹر تک کمی متوقع ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 75 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 10 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 73 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 35 پیسے فی لیٹر کمی کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل انڈسٹری نے مجوزہ ردوبدل کے حوالے سے اپنی ورکنگ مکمل کرکے اوگرا کو بھجوا دی ہے، جس کے بعد اوگرا ان سفارشات کی بنیاد پر قیمتوں میں ردوبدل کی سمری تیار کر رہا ہے، جو کل وزارتِ خزانہ کو ارسال کی جائے گی۔ وزارتِ خزانہ نئی قیمتوں کا اعلان 30 نومبر کو کرے گی، جو یکم دسمبر سے اگلے 15 روز کے لیے نافذ العمل ہوں گی۔ ذرائع کے مطابق اس اعلان سے قبل وزیراعظم سے بھی مشاورت کی جائے گی۔






