وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف جلد کراچی میں گرین لائن بس منصوبے کے فیز 2 کا سنگِ بنیاد رکھیں گے۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ اس توسیعی منصوبے کی باقاعدہ منظوری رواں مالی سال کے بجٹ میں دی جا چکی ہے، اور اس پر جلد عملی کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گرین لائن فیز 2 کی تکمیل سے کراچی کے لاکھوں شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ میں سہولت اور سستی سفری سہولیات دستیاب ہوں گی، جو شہر کی ٹریفک اور ماحولیاتی صورتحال بہتر بنانے میں مدد دے گا۔ احسن اقبال نے مزید بتایا کہ کراچی تا پشاور موٹروے منصوبے کی تکمیل کی جانب بھی پیش رفت جاری ہے۔ حیدرآباد تا سکھر موٹروے کا نامکمل سیکشن رواں سال کے اندر تعمیراتی مراحل میں داخل ہو جائے گا، جو آئندہ تین سال میں مکمل ہوگا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات ملک کے بڑے شہروں کو آپس میں جوڑنے، معاشی ترقی کو فروغ دینے اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہیں۔






