کراچی کے علاقے بہادر آباد کی شیرپاؤ کالونی میں بینک میں کام کرنے والی ایک خاتون سے کریڈٹ کارڈ بنوانے کے بہانے مبینہ زیادتی کا انکشاف ہوا ہے۔ متاثرہ خاتون کی مدعیت میں بہادر آباد تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، متاثرہ خاتون بینک میں گاڑیوں کی لیزنگ اور کریڈٹ کارڈ کی سہولت فراہم کرنے کا کام کرتی ہیں۔ خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ گزشتہ ماہ ایک شخص نے کریڈٹ کارڈ بنوانے کے لیے رابطہ کیا اور 10 اگست کو دھوراجی میں ایک نجی اسپتال کے قریب بلایا۔ وہاں پہنچنے پر ملزم انہیں سامنے والی گلی میں ایک مکان پر لے گیا، جہاں پہلے سے ایک مرد اور خاتون موجود تھے۔ متاثرہ خاتون کے مطابق، انہیں مشروب پلایا گیا جس کے بعد وہ نیم بے ہوش ہوگئیں۔ اسی دوران مبینہ طور پر ایک ملزم نے انہیں باندھ کر زیادتی کی، جبکہ دوسری خاتون واقعے کی ویڈیو بناتی رہی۔ خاتون کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دھمکی دی کہ دوبارہ نہ آنے کی صورت میں ویڈیو وائرل کر دی جائے گی اور جان سے مار دیا جائے گا۔ واقعے کے بعد متاثرہ خاتون رکشے کے ذریعے جناح اسپتال پہنچیں، جہاں ان کا میڈیکل ٹیسٹ کیا گیا۔ تفتیشی افسر کے مطابق، خون کے نمونے، کپڑے اور دیگر شواہد محفوظ کر لیے گئے ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔






