شہر قائد کے علاقے لیاقت آباد میں ایک شخص نے معاشی پریشانیوں سے دلبرداشتہ ہو کر گلے میں پھندا لگا کر خودکشی کر لی۔ پولیس کے مطابق واقعہ تایا ہوٹل لیاقت آباد نمبر 4 کے قریب ایک گھر میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب پیش آیا۔ جاں بحق ہونے والے کی شناخت 40 سالہ ایاز کے نام سے ہوئی، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔ ترجمان چھیپا اورنگ زیب کے مطابق، متوفی کے اہلخانہ نے بیان دیا کہ ایاز نے مالی مشکلات کے باعث اپنی جان لی۔ تاہم اہلخانہ نے پوسٹ مارٹم اور قانونی کارروائی سے انکار کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ گھر والے کچھ حقائق چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔






