کراچی رفاہ عام سوسائٹی میں مسلح ڈکیتی کی واردات، سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

کراچی کے علاقے ملیر میں شہری ایک بار پھر ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر ہیں۔ رفاہ عام سوسائٹی میں کار سوار فیملی سے مسلح ڈکیتی کی واردات پیش آئی جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو موٹر سائیکل سوار ملزمان کار سوار فیملی کو روک کر اسلحے کے زور پر لوٹتے ہیں۔ واردات کے دوران گاڑی میں موجود خاتون نے گلی سے باہر نکلنے کی کوشش کی تاہم موٹر سائیکل پر موجود ایک ملزم نے اسے باہر جانے سے روک دیا۔ڈاکو چند لمحوں میں فیملی سے موبائل فونز اور نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ سی سی ٹی وی میں ملزمان کے چہرے واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں لیکن اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔شہریوں نے پولیس سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکوؤں کو فوری گرفتار کر کے علاقے میں سکیورٹی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں۔