پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا امکان

یکم ستمبر سے عوام کو مہنگائی کے دباؤ میں معمولی ریلیف ملنے کا امکان ہے، کیونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق پیٹرول 61 پیسے فی لیٹر، ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 13 پیسے فی لیٹر، مٹی کا تیل 1 روپے 57 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل 2 روپے 61 پیسے فی لیٹر تک سستا ہو سکتا ہے۔ اوگرا اپنی ورکنگ آج رات وزارت پیٹرولیم کے ذریعے فنانس ڈویژن کو بھجوائے گا جس کے بعد وزارت خزانہ وزیراعظم سے مشاورت کے بعد باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کرے گی۔ اگر قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا گیا تو ٹرانسپورٹ اور روزمرہ اخراجات میں عوام کو کچھ ریلیف ملنے کی امید ہے۔