کراچی کے مختلف علاقوں میں شدید ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی، اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔ کورنگی اور ای بی ایم کازوے بند ہونے کے باعث قیوم آباد، جام صادق برج، گودام چورنگی اور ملحقہ سڑکیں بری طرح متاثر ہوئیں۔اسی طرح ڈرگ روڈ، ایئرپورٹ، راشد منہاس روڈ اور ملینیئم مال کے اطراف بھی ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حسن اسکوائر، یونیورسٹی روڈ، ایم اے جناح روڈ، تین ہٹی اور لیاقت آباد میں بھی گاڑیاں رینگنے پر مجبور ہیں۔ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ بارش کے پانی کے جمع ہونے اور سڑکوں پر گڑھے پڑنے کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، جس کے باعث مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔






