کراچی کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے حادثات اور فائرنگ کے تین الگ الگ واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی کے علاقے ناصر کالونی، لالا آباد گلی میں گولی لگنے سے 50 سالہ خاتون شمیم زوجہ قاسم زخمی ہوگئیں۔ واقعے کی نوعیت تاحال واضح نہیں ہوسکی، پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔اسی طرح قصبہ کالونی اسلامیہ کالونی میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی 18 سالہ لڑکی لائبہ کو جا لگی، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر رہی ہے تاکہ گولی چلنے کی اصل وجہ اور سمت کا پتہ چل سکے۔دوسری جانب لیاری کے علاقے بغدادی میں علی ہوٹل کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 25 سالہ نوجوان حسنین زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔علاوہ ازیں گل بائی پل پر نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 28 سالہ واجد علی جاں بحق ہوگیا۔ لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کر دیا گیا۔






