پاک سعودیہ معاہدہ دونوں ملکوں کے لیے مثبت ہے، بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے دفاعی معاہدے کو پاکستان کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ “ہر پاکستانی مکہ اور مدینہ کی حفاظت کرنا چاہتا ہے۔”کراچی میں گریٹر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ (ایس تھری) کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، صوبائی وزرا، ارکان اسمبلی اور سینیٹرز بھی موجود تھے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کے حوالے سے جو وعدے کیے ہیں، ان پر عملدرآمد کی توقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایس تھری منصوبہ دراصل وفاقی حکومت کا تھا لیکن اب یہ صوبائی حکومت مکمل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ “صوبائی اور وفاقی حکومت کے درمیان رابطہ برقرار ہے، سندھ کے سالڈ ویسٹ اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بھی بات چیت جاری ہے۔”صحافیوں کے سوالات پر بلاول بھٹو نے کہا کہ “سندھ میں تبدیلی سے متعلق خبریں آپ خود چلاتے ہیں اور پھر سوال بھی مجھ سے کرتے ہیں۔”مزید کہا کہ “صدر مملکت پورے پاکستان کے ہیں، حالیہ چین کے دورے میں ملک کے منصوبوں پر بات ہوئی۔ وہاں صدر آصف علی زرداری کو غیر معمولی پذیرائی ملی، جو ان کے سابقہ ریکارڈ سے بھی بڑھ کر ہے۔”سیلاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “قدرتی آفات سیاست کا وقت نہیں ہوتیں، اس موقع پر دنیا سے اپیل کی جاتی ہے۔ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ اقوام متحدہ سے باضابطہ اپیل کرے تاکہ متاثرین کی مدد ہوسکے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے بھی متاثرہ خاندانوں کی مدد کی جائے۔”پاک سعودی معاہدے پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ “یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے حق میں ہے اور پاکستان کے لیے بہت مثبت ثابت ہوگا۔”بھارت کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ “ہم نے حالیہ جنگ میں بھارت کو شکست دی ہے لیکن بھارت کرکٹ کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔”