سندھ حکومت نے صوبے میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے دسمبر 2025 سے ای وی (الیکٹرک وہیکل) ٹیکسی سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت کراچی میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی تفصیلات طے کی گئیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت پاکستان میں پہلی بار اپنی سرکاری ٹیکسی سروس شروع کرنے جا رہی ہے، جسے ابتدائی طور پر ای وی ٹیکسی کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس منصوبے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، اور ابتدائی مرحلے میں آنے والی کچھ ٹیکسیاں خواتین کے لیے مخصوص کی جائیں گی تاکہ انہیں محفوظ اور معیاری سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ ٹرانسپورٹ کے مسائل کم کرنے کے لیے ڈبل ڈیکر بسیں اور مزید ای وی بسیں بھی جلد کراچی کے فلیٹ میں شامل کی جائیں گی، جبکہ ای وی گاڑیوں کے لیے جدید انفرااسٹرکچر اور چارجنگ اسٹیشنز کی تیاری پر تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو محفوظ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور کراچی میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ اس منصوبے کو شہر میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے ایک نئے دور کی شروعات قرار دیا جا رہا ہے۔






