میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے کراچی کے عوام کو سہانے خواب تو دکھائے مگر عملاً کچھ نہیں کیا۔ پیپلز پارٹی بلا تفریق عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ضلع وسطی کے علاقے ناگن چورنگی صدیق اکبر روڈ پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کے سنگِ بنیاد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ وہ جماعت اسلامی کے زیرانتظام ٹاؤن میں موجود ہیں جہاں سڑکوں کی خستہ حالی عوام کے سامنے ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ پیپلز پارٹی کا نہیں بلکہ جماعت اسلامی کے احتجاجی کارکنوں کا ہے جو نعرے لگانے اور بینرز لگانے میں مصروف ہیں جبکہ عوامی خدمت کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھاتے۔میئر کراچی نے کہا کہ پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق ہر ضلع میں ترقیاتی کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ماتحت 106 شاہراہوں کی مرمت و بحالی اس بات کا ثبوت ہے کہ کے ایم سی عوامی خدمت کے لیے سرگرم عمل ہے۔مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ شہر کے انفرا اسٹرکچر کی بہتری کے لیے 28 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ایک لاکھ 65 ہزار اسکوائر فٹ روڈ کارپیٹنگ، ساڑھے تین لاکھ مشین کارپیٹنگ اور پور بلاک لگانے کا کام جاری ہے، جب کہ حافظ نعیم الرحمن کی یونین کونسل میں بھی 2 لاکھ 35 ہزار اسکوائر فٹ سڑک اور 1.1 کلومیٹر نالے کی تعمیر ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تفریق، تعصب اور تنقید کی سیاست ختم ہونی چاہیے کیونکہ کراچی والوں کو خدمت چاہیے، نعرے نہیں۔ عوام پر کوئی احسان نہیں، ان کا پیسہ انہی پر خرچ ہو رہا ہے۔میئر کراچی نے مزید بتایا کہ منگھوپیر سے نیوکراچی کو ملانے والی سڑک کی ازسر نو تعمیر جاری ہے، جبکہ ڈاڈیکس روڈ کے ٹینڈر کا اجرا جمعے کو کیا جائے گا۔ انہوں نے فورکے چورنگی پر دو نئے فلائی اوورز بنانے کا اعلان بھی کیا تاکہ ٹریفک کے مسائل کم کیے جا سکیں۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نیوکراچی سندھی ہوٹل کے نالے پر دکانوں کا مسئلہ حل کرکے نکاسی آب کا راستہ کھولنا چاہتے ہیں مگر سیاست چمکانے والے افراد عدالت سے رجوع کر کے رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہر کو ماضی میں کمرشلائزڈ کر کے تباہ کیا گیا، اب وقت آ گیا ہے کہ باتوں سے نکل کر عملی کام کیا جائے۔”یہ تھنڈر اسکواڈ کا زمانہ نہیں، ہم کراچی کے عوام کے مفاد میں ہر جگہ کام کر رہے ہیں۔ اگر کسی کو اعتراض ہے تو عدالت جا سکتا ہے، میں منافقت کو بے نقاب کر کے رہوں گا۔”






