اسکیم 33 میں قبضہ مافیا کا انسداد تجاوزات ٹیم پر حملہ

اسکیم 33 میں زمین واگزار کرانے کے دوران قبضہ مافیا کے افراد کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر اور انسداد تجاوزات ٹیم پر حملے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ سائٹ سپر ہائی وے تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں کارروائی ڈی سی ویسٹ کے حکم پر سائٹ لمیٹڈ کی زمین واگزار کرانے کے لیے کی جا رہی تھی۔ کارروائی میں نمائندہ سائٹ لمیٹڈ، اینٹی انکروچمنٹ فورس اور ضلعی پولیس بھی شریک تھی۔ ایف آئی آر اسسٹنٹ کمشنر منگھوپیر کی مدعیت میں درج کی گئی ہے، جس میں 13 نامزد ملزمان سمیت تقریباً 200 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ٹیم جب گبول گوٹھ کے عقب میں پہنچی تو تقریباً 200 کے قریب افراد لاٹھیوں، ڈنڈوں، پتھروں اور آتشیں اسلحے سے لیس ہو کر موقع پر پہنچے اور کارِ سرکار میں مداخلت کرتے ہوئے حملہ کر دیا۔ حملہ آوروں نے اینٹی انکروچمنٹ ٹیم اور اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی پر پتھراؤ کیا، جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی، جبکہ ڈرائیور اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ مزاحمت کے دوران حملہ آوروں نے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ پولیس کے مطابق ایک گھنٹے تک مزاحمت کے باوجود زمین واگزار نہیں کرائی جا سکی۔ ایف آئی آر میں اصغر کورائی، امان پٹھان، قاری یونس، قاری فیاض، نوراللہ گبول، وزیر گبول، منصور کورائی، یاسین سرائیکی، حامد بگٹی، عثمان پٹھان، احمد کورائی، نوراللہ مسعود اور مولوی غفران کو حملے میں ملوث قرار دیا گیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔