سینٹرل جیل کے باہر چھری کے وار سے شخص قتل، ایک ملزم گرفتار

سینٹرل جیل کے باہر جمشید کوارٹرز تھانے کی حدود میں چھری کے وار سے ایک شخص کو قتل کردیا گیا۔ابتدائی طور پر واقعے کو فائرنگ سمجھا گیا، تاہم بعد ازاں پولیس کی تحقیق میں انکشاف ہوا کہ مقتول کو فائرنگ نہیں بلکہ چھری کے وار سے قتل کیا گیا۔چھیپا حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد جمع کرنے کا عمل شروع کیا۔ایس ایچ او جمشید کوارٹرز انصر بٹ کے مطابق پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے قتل میں ملوث ایک ملزم گلشن ابڑو کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا،جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس نے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ایس ایچ او کے مطابق گرفتار ملزم گلشن ابڑو نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ قتل کی وجہ پرانی دشمنی تھی۔ملزم اور اس کے ساتھیوں کو پہلے سے علم تھا کہ مقتول امیر بخش آج جیل سے رہا ہوگا،اسی لیے وہ سینٹرل جیل کے باہر گھات لگائے بیٹھے تھے۔جیسے ہی امیر بخش جیل سے باہر نکلا،حملہ آوروں نے اس پر چھری کے پے در پے وار کیے،جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق مقتول لاڑکانہ کا رہائشی تھا اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں گلستان جوہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔جیل سے رہائی کے فوراً بعد وہ حملہ آوروں کا نشانہ بن گیا۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے،جبکہ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔