شہرِ قائد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں۔ مختلف علاقوں میں مبینہ مقابلوں کے دوران دو زخمی ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکل، موبائل فونز اور نقدی برآمد کی گئی۔گلبرگ پولیس نے لنڈی کوتل چورنگی کے قریب کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔چھیپا ذرائع کے مطابق زخمی ڈاکو کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت صالح محمد کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے پستول، دو موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔دوسری کارروائی شریف آباد کے علاقے سراج الدولہ کالج ریلوے پھاٹک کے قریب کی گئی، جہاں پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 28 سالہ نادر علی لاشاری نامی ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق ملزم کے دو ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جبکہ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موٹرسائیکل اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں، اور ان کے سابقہ جرائم کی تفصیلات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔






