ملیر میں ٹرانسپورٹر کو پستول کی گولی کے ساتھ 10 لاکھ روپے بھتہ کی دھمکی آمیز پرچی موصول

کراچی کے علاقے ملیر میں پلاٹ پر تعمیرات کے دوران مقامی ٹرانسپورٹر کو 10 لاکھ روپے بھتہ طلبی کی پرچی اور پستول کی گولی بھجوا دی گئی۔پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ مدعی سرفراز علی کی مدعیت میں شاہ لطیف تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔
ایف آئی آر نمبر 1541/25 زیرِ دفعات 427، 384، 385، 337H(ii)، 34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج کی گئی۔مدعی کے مطابق وہ شاہ لطیف ٹاؤن میں پلاٹ نمبر 57/58 SC پر تعمیراتی کام کر رہا تھا کہ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مسلح افراد آئے اور پستول دکھاتے ہوئے بھتہ مانگا۔انہوں نے کہا کہ اگر کام جاری رکھنا ہے تو 10 لاکھ روپے دینے ہوں گے، ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہو۔ملزمان چوکیدار کو دھمکی آمیز پرچی کے ساتھ پستول کی گولی دے کر فرار ہوگئے۔بعد ازاں 16 اکتوبر کو تقریباً 20 سے 22 افراد نے پلاٹ کی دیواریں توڑ کر ہوائی فائرنگ کی۔چوکیدار کے مطابق یہ کارروائی دھر محمد، یاسین، غالب ڈومکی اور اکبر نے کی، جو بھتہ طلبی میں بھی ملوث ہیں۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ ایس ایچ او شاہ لطیف ضمیر احمد کے مطابق واقعے کی تفتیش ایس آئی یو کے سپرد کر دی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔