بحیرہ عرب میں دباؤ کی شدت برقرار، محکمہ موسمیات کی دوسری سائیکلون واچ جاری

محکمہ موسمیات نے جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ہوا کے دباؤ سے متعلق دوسرا ٹروپیکل سائیکلون (ٹی سی) واچ جاری کر دیا ہے۔ترجمان کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ دباؤ سست رفتاری سے شمال اور شمال مشرقی سمت میں منتقل ہواہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق دباؤ اس وقت کراچی کے جنوب مشرق میں تقریباً 1690 کلومیٹر کی دوری پر جبکہ بھارت کے لکش دیپ کے مغرب اور جنوب مغرب میں 570 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران یہ نظام مزید شمال مشرق کی جانب بڑھنے کا امکان ہے تاہم فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔مزید بتایا گیا کہ سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے اور کسی بھی ممکنہ تبدیلی کی صورت میں شہریوں کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔