شہرِ قائد میں لاقانونیت کے ایک اور واقعے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے تین بچوں کا باپ، آن لائن موٹرسائیکل رائیڈر جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق واقعہ ناگن چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی اندھا دھند فائرنگ سے 55 سالہ محمد اسماعیل ولد محمد عیسیٰ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ 17 سالہ راہگیر سہیل ولد عبدالرشید فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگیا۔ زخمی اور جاں بحق شخص کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس نے ابتدائی طور پر واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیا ہے، تاہم عینی شاہدین کے مطابق یہ واردات ڈکیتی کے دوران پیش آئی۔ گواہوں نے بتایا کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے مقتول کا موبائل فون چھیننے کی کوشش کی، تاہم مزاحمت پر فائرنگ کر دی، جس سے محمد اسماعیل جاں بحق ہوگئے۔مقتول کے بیٹے حارث کے مطابق ان کے والد ناگن چورنگی کے قریب آن لائن موٹرسائیکل رائیڈر کے اسٹینڈ پر سواری کا انتظار کر رہے تھے جب فائرنگ کا نشانہ بنے۔ وہ پہلے واٹر پمپ مارکیٹ میں جوتوں کی دکان چلاتے تھے، مگر کاروباری نقصان کے بعد آن لائن کام شروع کیا تھا۔عینی شاہد گداگر اور تسبیح فروش کے مطابق ملزمان نے واردات کے دوران چھ گولیاں چلائیں اور موقع سے فرار ہوگئے۔ علاقے کے مکینوں کا کہنا ہے کہ اس مقام پر روزانہ کئی وارداتیں ہوتی ہیں لیکن پولیس کی موجودگی کے باوجود جرائم پیشہ عناصر بلا خوف کارروائیاں کرتے ہیں۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔






