اورنگی ٹاؤن میں گھات لگائے ملزمان کی فائرنگ سے پیپلز پارٹی کا نوجوان کارکن قتل

اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ سیکٹر ساڑھے گیارہ یعقوب آباد میں گھات لگائے ملزمان کی فائرنگ سے پیپلز پارٹی کا نوجوان کارکن جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی شناخت 23 سالہ محمد شعیب اقبال ولد محمد اقبال خان کے نام سے ہوئی، جو اورنگی ٹاؤن کے چیئرمین حاجی جمیل ضیا کی سوشل میڈیا ٹیم کا ممبر بھی تھا۔پولیس کے مطابق فائرنگ نامعلوم ملزمان نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر کی، جس کے نتیجے میں ایک گولی مقتول کے سینے میں لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ شعیب کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔پیپلز پارٹی کے علاقائی ذمہ داران کا کہنا ہے کہ یہ ایک سیاسی قتل ہے اور قاتلوں کو بہت جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا، جبکہ پولیس ابتدائی طور پر واقعہ رقم کے لین دین کا تنازع قرار دے رہی ہے۔ پولیس کے مطابق مقتول نے اپنے علاقے کے ایک لڑکے سے گاڑی خریدی تھی جس کی تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے ادائیگی باقی تھی۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ندیم نامی شخص کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ مقتول کی لاش کارروائی کے بعد ایدھی سردخانے سہراب گوٹھ منتقل کردی گئی۔