کمشنر کراچی نے کہا ہے کہ شہر میں معیاری دودھ کی فراہمی کو یقینی بنائے بغیر اس کی قیمت میں کسی قسم کے اضافے پر غور نہیں کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے غیرمعیاری دودھ کی روک تھام اور معیار کو بہتر بنانے سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، جس میں دودھ کی قیمت بڑھانے کے مطالبے کو براہ راست دودھ کے معیار کی ضمانت سے مشروط کر دیا گیا۔ اجلاس کے دوران کمشنر کراچی نے واضح کیا کہ ڈیری فارمرز، ہول سیلرز اور ریٹیلرز کو صارفین تک معیاری، ملاوٹ سے پاک دودھ کی فراہمی کی تحریری یقین دہانی کرانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دودھ کی کوالٹی کا معیار بہتر نہیں ہوتا، قیمت میں اضافے کی کوئی تجویز قبول نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈیری فارمرز، ہول سیلرز اور ریٹیلرز باہمی مشاورت سے مشترکہ ایس او پیز ترتیب دیں گے تاکہ دودھ کی پیداوار، ٹرانسپورٹیشن اور فروخت کے ہر مرحلے پر معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔ اس موقع پر دودھ کے معیار کا جائزہ لینے والی کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی اور اس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ مزید یہ طے پایا کہ ڈیری فارمرز کے دودھ کی ٹیسٹنگ باقاعدگی سے کی جائے گی، جس کے لیے کم از کم 25 نمونوں کی ریپڈ ٹیسٹنگ کی جائے گی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ دودھ کی پیداواری لاگت، ہول سیل اور ریٹیل سطح پر آنے والے اخراجات کا باقاعدہ تخمینہ لگایا جائے گا، تاکہ مستقبل میں درست اور شفاف قیمتوں کا تعین ممکن ہو سکے۔






