ابراہیم حیدری پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کمسن بچی سے زیادتی کی کوشش اور ویڈیو بنانے والے درندہ صفت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 30 ستمبر کو پیش آیا تھا، جب ملزمان نے بچی کو اپنی درندگی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ متاثرہ بچی کے والد کو جب اس واقعے کا علم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، جس پر پولیس حرکت میں آئی اور دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت بلال عرف ڈاڈا ولد محمد حسین اور عبداللہ ولد محمد مبارک کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے متاثرہ بچی کے والد محمد یوسف کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے کیس کو مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کردیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسے گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں، اور ملزمان کو سخت سزا دلوانے کے لیے تمام تر شواہد عدالت کے سامنے پیش کیے جائیں گے تاکہ بچوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔