کراچی کے علاقے شیرپاؤ کالونی میں بیٹی کے قتل کا ڈراپ سین ہوگیا۔ قائد آباد پولیس نے مقتولہ کے والد اور ماموں زاد کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ملیر پولیس کے مطابق ابتدا میں واقعے کو خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ 3 اکتوبر کو 24 سالہ ماریہ ولد دلبر نے گھر میں خودکشی کرلی ہے۔تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ماریہ کو باپ دلبر خان اور ماموں زاد نور صمد نے گلا دبا کر قتل کیا تھا۔ دونوں ملزمان نے دورانِ تفتیش اعتراف جرم بھی کرلیا۔پولیس کے مطابق واقعہ باہمی رنجش کے باعث پیش آیا جبکہ قتل کو خودکشی ظاہر کرنے کے لیے گمراہ کن اطلاع دی گئی تھی۔ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔