کراچی میں پانی کی فراہمی کی بحالی کے حوالے سے اہم پیش رفت کے باوجود شہریوں کو ریلیف نہ مل سکا۔واٹر کارپوریشن کے مطابق مرمتی کام مکمل ہونے کے باوجود متعدد علاقوں میں پانی کی سپلائی بحال نہیں کی جاسکی۔ترجمان واٹر کارپوریشن نے بتایا کہ نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن کے دو مقامات اور دھابیجی میں پانی کی پائپ لائنوں کی مرمت کا کام رات ایک بجے مکمل کرلیا گیا تھا، تاہم 12 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی متاثرہ علاقوں میں پانی کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی۔پانچویں روز بھی گلستانِ جوہر، گلشنِ اقبال، صفورا، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلبرگ اور فیڈرل بی ایریا میں پانی کی بندش برقرار ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔واٹر کارپوریشن کے مطابق شہریوں کی سہولت کے لیے نیپا، صفورا اور سخی حسن کے تین ہائیڈرنٹس پر عارضی فراہمی بحال کردی گئی ہے تاکہ ٹینکرز کے ذریعے پانی حاصل کیا جا سکے۔ترجمان نے مزید کہا کہ پانی کی فراہمی کا نظام بتدریج بحال کیا جا رہا ہے اور امکان ہے کہ دوپہر 3 بجے تک متاثرہ علاقوں میں سپلائی شروع ہو جائے گی۔