کراچی ملیر ندی کے قریب ڈرم سے خاتون کی تشدد زدہ لاش برآمد

شرافی گوٹھ تھانے کی حدود میں واقع ملیر ندی کے قریب سڑک کنارے پائے گئے پلاسٹک کے ڈرم سے برآمد ہونے والی خاتون کی تشدد زدہ اور جھلسی ہوئی لاش کے واقعے کا مقدمہ قتل کی دفعات کے تحت سرکاری مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ واقعہ 12 جولائی کو پیش آیا جب مقامی افراد نے شرافی گوٹھ کے قریب ملیر ندی کے کنارے ایک پلاسٹک کے ڈرم سے بند لاش کی اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق، خاتون کے ہاتھ پاؤں بندھے ہوئے تھے، چہرہ جلا ہوا تھا اور لاش واضح طور پر تشدد کا نشانہ بنائی گئی تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق، ابتدائی طور پر لاش 10 سے 12 دن پرانی معلوم ہوتی ہے، جس کی وجہ سے فنگر پرنٹس حاصل نہیں ہو سکے۔ دو روز گزرنے کے باوجود متاثرہ خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ایس ایس پی ملیر کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف زاویوں سے تفتیش جاری ہے، اور شہر کے تمام تھانوں کو لاپتہ خواتین کی رپورٹوں سے متعلق فوری معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایک مشتبہ خاندان سے بھی رابطہ کیا گیا، تاہم لاش کی شناخت ممکن نہ ہو سکی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ نامعلوم ملزمان رکشہ، سوزوکی یا دیگر کسی گاڑی کے ذریعے لاش کو لائے اور موقع پر چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج، کال ڈیٹا ریکارڈ، اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے واقعے کی گتھی سلجھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔