ملیر جیل سے 126 مفرور قیدی واپس جیل پہنچ گئے

 شہر قائد میں ملیر جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں میں سے 126 قیدی واپس آگئے۔ تفصیلات کے مطابق جیل حکام کا کہنا ہے کہ ملیر جیل سے فرار 100 قیدیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، فرارقیدیوں کی جانب سے جیل عملے سے چھینا گیا اسلحہ تاحال برآمد نہیں ہوا ہے۔ یاد رہے کہ کراچی کے علاقے ملیر میں موجود جیل سے مجموعی طور پر 216 قیدی فرار ہوئے تھے، جن سے بعض خود جیل واپس لوٹ آئے۔ گزشتہ روز شہر قائد میں ملیر جیل سے فرار ہونے والے ایک قیدی نے گرفتاری کے ڈر سے اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ پولیس حکام نے جعمرات کو بتایا کہ زلزلے کی وجہ سے پیدا شدہ صورت حال میں ملیر جیل بریک کے دوران فرار ہونے والے ایک قیدی رضا نے اپنی جان لے لی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق رضا ولد پرویز مسیح کی لاش ماڑی پور میں اس کے گھر سے ملی ہے، متوفی عید گاہ تھانے کے ہاتھوں گرفتار ہوا تھا، جسے منشیات کیس میں 30 مارچ کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رضا کے اہل خانہ کے مطابق وہ جیل بریک کے دن فرار ہو کر گھر آ گیا تھا، فیملی آج رضا کو سٹی کورٹ گرفتاری کے لیے لے جا رہی تھی لیکن اس نے گرفتاری کے خوف سے خودکشی کر لی۔ پولیس حکام کے مطابق تمام ڈسٹرکٹس کو فرار قیدیوں کی ایک لسٹ بھی بھیجی گئی تھی، لیکن اس لسٹ میں خود کشی کرنے والے قیدی کا نام شامل نہیں ہے، اس کیس پر تفتیش کرنے والے حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے، واقعے پر مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔