شہر قائد میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جدید و خودکار فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام کے تحت صرف 3 دن میں ساڑھے 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 13 ہزار کے قریب ای چالان جاری کیے گئے۔ترجمان کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق 3 روز کے دوران مجموعی طور پر 12,942 ای چالان کیے گئے جن کی مجموعی مالیت 6 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ چالان سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کیے گئے جن کی تعداد 7,083 رہی۔ اس کے علاوہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 2,456، اوور اسپیڈنگ پر 1,920، سگنل توڑنے پر 829، دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر 410 اور رانگ وے پر ڈرائیونگ کرنے پر 78 ای چالان جاری کیے گئے۔مزید بتایا گیا کہ غلط سمت ڈرائیونگ پر 78، لین لائن کی خلاف ورزی پر 49، کالے شیشے لگانے پر 35، اوور لوڈنگ پر 26 جبکہ غیرقانونی پارکنگ اور اسٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر 20، 20 چالان کیے گئے۔ٹریفک پولیس کے مطابق بسوں کی چھتوں پر مسافروں کو بٹھانے، اوور لوڈنگ اور ون وے کی خلاف ورزی پر بھی کارروائیاں کی گئیں، تاہم فینسی نمبر پلیٹس، ٹیکس کی عدم ادائیگی اور اچانک لین تبدیل کرنے پر کوئی ای چالان جاری نہیں کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام کے ذریعے شہریوں کو بغیر رشوت یا سفارش کے قانون کے دائرے میں لایا جا رہا ہے، تاکہ شہر میں ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنایا جا سکے۔






