اورنگی ٹاؤن کی 20 سالہ لڑکی ڈیڑھ سال بعد بازیاب

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کی رہائشی 20 سالہ یسریٰ کو ڈیڑھ سال بعد مبینہ اغوا کار کے چنگل سے بازیاب کرا لیا گیا۔صوبائی وزیر ترقی نسواں سندھ شاہینہ شیر علی اور ایم کیو ایم پاکستان کے رکن سندھ اسمبلی اعجاز الحق نے متاثرہ لڑکی اور اس کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔شاہینہ شیر علی کے مطابق یسریٰ کو ڈیڑھ سال قبل ٹک ٹاک پر تعلق قائم ہونے کے بعد مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا، جہاں ملزم حمزہ اور اس کی والدہ کے تشدد کے باعث وہ شدید خوفزدہ رہی۔ متاثرہ لڑکی کے مطابق ملزم نے زبردستی جھوٹا نکاح نامہ بنوایا اور اسے مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔یسریٰ نے موقع ملنے پر اپنے رشتہ دار سے رابطہ کیا اور ظلم کی تفصیلات بتائیں، جس کے بعد مقامی ایم پی اے اعجاز الحق کی کاوشوں سے اسے بازیاب کرایا گیا۔ پولیس نے ملزم حمزہ کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین اور بچیوں کے ساتھ مظالم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس معاملے میں متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔