کراچی کے علاقے خواجہ اجمیر نگری کی حدود بلال کالونی کچی آبادی میں جھلس کر جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکار کی ہلاکت کے معاملے میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آ گئے۔ پولیس کے مطابق اہلکار کو سر پر گولی مار کر قتل کیا گیا، بعدازاں شواہد مٹانے کے لیے گھر کو آگ لگا دی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول اہلکار ہیڈ کوارٹر سر سید میں تعینات تھا اور اس کے قتل میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت یعقوب اور جلال خان کے ناموں سے ہوئی ہے، جن سے دو پستول، ایک موٹر سائیکل اور مقتول اہلکار کا سرکاری اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، مقتول کو 26 تاریخ کی رات تقریباً 3 بجے قتل کیا گیا۔ ملزمان اسی رات واپس آ کر لاش کو گھر کے اندر رکھ کر آگ لگا گئے تاکہ شواہد ضائع کیے جا سکیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نشے کے عادی ہیں اور قتل کی وجہ ذاتی رنجش تھی۔ مقتول اور مرکزی ملزم کی پہلی ملاقات منگھوپیر میں سلیم کباڑیہ کے پاس ہوئی تھی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے جرم کا اعتراف کر لیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔






