راشد منہاس روڈ پر مشتعل افراد کی جانب سے 7 ڈمپر گاڑیوں کو نذرِ آتش کرنے کے واقعے میں پولیس کی مجرمانہ غفلت سامنے آنے پر تین تھانوں کے ایس ایچ اوز کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق مشتعل ہجوم نے کئی منٹ تک آزادانہ کارروائی کرتے ہوئے گاڑیوں کو آگ لگائی، مگر پولیس بروقت مداخلت نہ کر سکی۔ معطل افسران میں ایس ایچ او یوسف پلازہ انسپکٹر افتخار خانزادہ، ایس ایچ او ایف بی انڈسٹریل ایریا سب انسپکٹر شاہد آدم بلوچ اور ایس ایچ او سولجر بازار انسپکٹر وقار عظیم شامل ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق افتخار خانزادہ اور شاہد آدم بلوچ کو گارڈن ہیڈ کوارٹر بی کمپنی جبکہ وقار عظیم کو ہیڈ کوارٹر ایسٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا۔ ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ ایس ایچ او سولجر بازار کو ایڈووکیٹ ناصر کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر بھی معطل کیا گیا ہے۔





