کھارادر میں دو مخدوش عمارتیں خالی، مزاحمت پر چار افراد گرفتار

کھارادر میں واقع پانچ منزلہ عمارت سمیت دو رہائشی عمارتوں کو شدید خستہ حالی کے باعث خطرناک قرار دے کر خالی کرا لیا گیا۔ کارروائی کے دوران مکینوں کی جانب سے مزاحمت پر چار افراد کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ ان عمارتوں میں مقیم چھ خاندان اچانک سڑک پر آ گئے، جن میں سے کچھ نے عمارت کے مخدوش ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا۔ ایس بی سی اے (سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی) حکام کے مطابق، عمارت کے رہائشیوں کو پہلے 48 گھنٹے اور پھر 24 گھنٹے کا نوٹس جاری کیا گیا تھا، تاہم کارروائی کے وقت متعدد افراد اب بھی عمارت میں موجود تھے۔ کچھ خواتین مکینوں نے عمارت کو مخدوش ماننے سے انکار کرتے ہوئے دستاویزی شواہد طلب کیے اور کہا کہ مناسب ثبوت فراہم کیے جائیں تو وہ رضاکارانہ طور پر عمارت چھوڑنے پر غور کریں گی۔ حکام کے مطابق، ضلع جنوبی میں واقع گراؤنڈ پلس 6 منزلہ عمارت (OT-14/2) اور گراؤنڈ پلس ون عمارت (OT-15) کو غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔ جب اتھارٹی کی ٹیم ان عمارتوں کو خالی کرانے پہنچی تو انہیں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا، جس پر پولیس کی مدد سے کارروائی مکمل کی گئی۔ ایس بی سی اے کے ڈائریکٹر راشد ناریجو نے بتایا کہ دونوں عمارتوں کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے اور ڈیمولیشن کا عمل ہفتہ کے روز شروع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ مزاحمت کا سامنا ہے، لیکن ضلعی انتظامیہ اور پولیس اہلکار کارروائی میں تعاون کر رہے ہیں۔ ڈی جی ایس بی سی اے شاہ میر خان بھٹو کا کہنا تھا کہ شہر میں تمام مخدوش عمارتوں کو مرحلہ وار خالی کرایا جائے گا اور بعد ازاں انہیں منہدم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مکینوں سے اپیل کی ہے کہ عوامی تحفظ کے لیے حکومتی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ یہ آپریشن جلد مکمل ہو سکے۔