کراچی میں پولیس کا کریک ڈاؤن،عزیزآباد اور میمن گوٹھ سے 3 ملزمان گرفتار

شہرِ قائد میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران عزیزآباد اور میمن گوٹھ پولیس نے الگ الگ کارروائیوں میں تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار افراد سے اسلحہ، منشیات اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔ ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مطابق، عزیزآباد پولیس نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے موٹر سائیکل لفٹنگ میں ملوث دو ملزمان، عمران اور عرفان کو گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان سے تیموریہ تھانے کی حدود سے چوری کی گئی موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان منشیات کے عادی ہیں اور اس سے قبل بھی متعدد بار جیل جا چکے ہیں۔ تفتیش کے لیے انہیں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب، میمن گوٹھ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش اور متعدد مقدمات میں مطلوب ملزم علی گل ولد مٹھل کلھوڑو کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایس ایس پی ملیر کے مطابق، ملزم کے قبضے سے 520 گرام چرس اور 1,200 روپے نقدی برآمد کی گئی ہے۔ علی گل ماضی میں بھی کئی جرائم میں ملوث رہا ہے اور متعدد بار جیل جا چکا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہر بھر میں جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔