ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سینئر افسر کی گاڑی ضبط

سندھ سیکریٹریٹ کے قریب ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر ایک سینئر افسر کی گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا اور ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ترجمان چیف سیکریٹری سندھ کے مطابق واقعہ کمال اتاترک روڈ پر پیش آیا،جہاں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے خلاف ورزی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی ہدایت جاری کی۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گاڑی کو آرام باغ تھانے منتقل کیا اور ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ترجمان کے مطابق قانون سب کے لیے برابر ہے، اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ترجمان نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں اور سرکاری افسران سمیت کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات سے شہر میں ٹریفک نظم و ضبط بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔