ڈیفنس کے فلیٹ میں مردہ پائی جانے والی اداکارہ حمیرا اصغر کے کیس کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ تفتیشی حکام کا دعویٰ ہے کہ اداکارہ کی موت 7 اکتوبر2024 کو ہوئی تھی اور حمیرا اصغر نے اپنا فون آخری بار 7 اکتوبر کو شام 5 بجے تک استعمال کیا۔ تفتیشی حکام کے مطابق حمیرا نے 7 اکتوبر 2024کو 14 افراد سے موبائل پر رابطہ کیا، ان کے فلیٹ سے 3 موبائل فونز، ٹیبلیٹ، ڈائری اور ڈاکیو مینٹس ملے ہیں۔ تفتیشی حکام نے بتایا کہ اداکارہ کےنام پر 3 سمز تھیں اور تینوں فون میں لگی ہوئی تھیں جب کہ حمیرا اصغر کے 2 موبائل فونز پر کوئی پاسورڈ نہیں تھا، ان کے تینوں موبائل فونز میں 2 ہزار سے زائد نمبرز ہیں جب کہ اداکارہ کے 75 نمبروں سے مسلسل رابطے کے شواہد بھی ملے ہیں۔






