کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل 10 کے میچز کے لیے سیکیورٹی پلان تیار

11 اپریل 2025 سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے حوالے سے نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی میں ہونے والے میچز کے لیے جامع اور فول پروف سیکیورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ ان میچز کے دوران 6700 پولیس اہلکار متعدد مقامات پر سیکیورٹی فرائض دیں گے۔ پلان کے مطابق 950 ایس ایس یو کمانڈوز اور لیڈی کمانڈوز سمیت سیکیورٹی ڈویژن کے 1666 اہلکار, ٹریفک پولیس کے 1390، اسپیشل برانچ کے 328 اور ڈسٹرکٹ پولیس اہلکار دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ کراچی ایئرپورٹ، روٹس، ہوٹلز اور دیگر اہم مقامات پر سیکیورٹی فرائض سر انجام دیں گے۔ سیکیورٹی کو مربوطبنانے کے لیے حساس مقامات پر ماہر نشانہ باز تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تربیت یافتہ کمانڈوز پر مشتمل اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (S.W.A.T) ٹیم ایس ایس یو ہیڈکوارٹرز میں ہائی الرٹ رہے گی۔ یہ ٹیم کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسٹیڈیم کے اطراف میں گشت پر بھی مامور رہے گی۔ اسٹیڈیم کے ارد گرد امن و امان کی نگرانی کے لئے ایس ایس یو کی خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول بس بھی تعینات کی جائے گی۔ اسٹیڈیم کے احاطے میں سی این جی سیلنڈر نصب شدہ اور ڈرونز کے استعمال پر سخت پابندی ہوگی۔ حکام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ کراچی میں پی ایس ایل 10 کے میچز کے دوران کھلاڑیوں، عہدیداروں اور تماشائیوں کے لیے ایک محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کیا جائے۔ تماشائیوں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور سیکیورٹی پروٹوکولز پر عمل کریں تاکہ اس ایونٹ کو کامیاب اور خوشگوار طریقے سے منعقد کیا جا سکے۔.