شہر قائد ایک بار پھر فائرنگ کے واقعات سے لرز اٹھا۔ مختلف علاقوں میں پیش آنے والے تین الگ الگ فائرنگ کے واقعات میں تین افراد زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔پہلا واقعہ قصبہ کالونی نمبر 2 میں پیش آیا، جہاں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے عبدالخالق نامی شخص زخمی ہوا۔ پولیس کے مطابق زخمی کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔دوسرا واقعہ سرجانی ٹاؤن، خدا کی بستی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 40 سالہ نوید زخمی ہو گیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمی کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ تیسرا واقعہ لی مارکیٹ کھجور کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں غلام قادر زخمی ہوا۔ چھیپا حکام کے مطابق زخمی کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس تینوں واقعات کی تفتیش کر رہی ہے، جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کی وجوہات ذاتی دشمنی یا جھگڑوں کا نتیجہ ہو سکتی ہیں۔






