سہراب گوٹھ میں گھر میں گھس کر فائرنگ، افغان شہری قتل

شہرِ قائد کے علاقے سہراب گوٹھ میں نامعلوم مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق واقعہ الاصف اسکوائر، قیوم آباد کالونی قبرستان کے قریب پیش آیا، جہاں پیر کی صبح دو نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر 25 سالہ زرین خان ولد نور احمد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ایدھی ایمبولینس کے ذریعے لاش کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں معلوم ہوا کہ مقتول افغان شہری اور قصاب تھا۔ایس ایچ او سہراب گوٹھ ممتاز مروت کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتول گھر میں سو رہا تھا۔ دروازے پر دستک دینے پر مقتول کی اہلیہ نے دروازہ کھولا تو دو ملزمان زبردستی اندر داخل ہوئے اور سوئے ہوئے زرین خان کے سر پر فائرنگ کر کے اسے موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔ملزمان واردات کے بعد موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔