کراچی میں پولیس کی کار چورگروہ کےخلاف کارروائی ،تین کار چور گرفتار

کراچی میں پولیس نے کار چوری کی وارداتوں میں ملوث خطرناک گروہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ کارروائی اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (AVLC) نے کی، جس کے دوران ڈیفنس سے چوری کی گئی ہنڈا سٹی کار اور اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ ترجمان AVLC کے مطابق گرفتار ملزمان کا تعلق لغاری گینگ سے ہے، جنہیں اورنگی ٹاؤن کے علاقے میں فائرنگ کے تبادلے کے بعد حراست میں لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں ظہیر علی، محسن علی اور غلام جعفر شامل ہیں، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کار چوری کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ماضی میں لیاری صرافہ بازار کے قریب فائرنگ کے تبادلے میں یہ گروہ پولیس اہلکار کو زخمی کر کے فرار ہو چکا تھا۔ اس سے قبل ایک علیحدہ کارروائی میں پولیس نے ایک اور گاڑی چور گروہ کو گرفتار کیا، جس کا سرغنہ ایک پولیس کانسٹیبل تھا۔ یہ گروہ پوش علاقوں میں بندوق کی نوک پر لگژری گاڑیاں چھینتا اور انہیں بلوچستان اسمگل کر دیتا تھا۔ ملزمان چوری سے قبل باقاعدہ ریکی کرتے تھے، اور گاڑیوں کو مزید جرائم میں استعمال کرتے تھے۔ حالیہ کارروائی کے دوران ایک گروہ بے نقاب ہوا جس میں تین سگے بھائی اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔ انہوں نے 2025 ماڈل ہنڈا سٹی چوری کی اور اسے بلوچستان یا ملتان میں فروخت کرنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے اندرون سندھ چھاپہ مار کر گاڑی برآمد کر لی۔ ملزمان نے گاڑی کا ڈپلیکیٹ ریموٹ تیار کروایا تھا تاکہ باآسانی چوری کی جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کار چور گروہوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا، اور شہریوں سے اپیل ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے بروقت کارروائی کر سکیں۔