کراچی میں کہیں کہیں شدید موسلا دھار بارش بھی ہوسکتی ہے،محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ سندھ کے مختلف شہروں میں 7 سے 10 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے تیز اور کہیں کہیں شدید بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ 6 ستمبر کو بھارتی ریاست راجستھان اور سندھ کے ملحقہ علاقوں میں داخل ہوگا۔ اس سسٹم کے اثرات کے تحت 6 ستمبر کی شام یا رات سے 9 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپور خاص میں بارش متوقع ہے۔ اسی طرح سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیر آباد، مٹیاری، ٹنڈو الہیار اور ٹنڈو محمد خان میں بھی بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 7 ستمبر کو شہر کے مضافاتی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے جبکہ 8 سے 10 ستمبر کے دوران شہر کے مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمے نے خبردار کیا ہے کہ اس دوران کہیں کہیں شدید موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔