اورنگی ٹاؤن میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دکان پر بیٹھا شخص جاں بحق

کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور لوٹ مار کا نہ رکنے والا سلسلہ ایک اور بے گناہ شہری کی جان لے گیا۔ اورنگی ٹاؤن 13 نمبر میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 40 سالہ مصطفیٰ جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد مقتول کی لاش کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈاکو علاقے میں مسلسل وارداتیں کر رہے تھے اور دورانِ ڈکیتی فائرنگ کی، جس کی زد میں آ کر مصطفیٰ جاں بحق ہو گئے۔ وہ ایک دکان پر بیٹھے تھے جب گولی ان کے جسم سے آرپار ہوگئی۔ دکان کے مالک انیس نے بتایا کہ ڈاکو اس سے قبل بھی متعدد شہریوں کو لوٹ چکے تھے اور جاتے جاتے مصطفیٰ کا سادہ موبائل فون بھی لے گئے۔ انیس کے مطابق مصطفیٰ مزاحمت نہیں کر رہے تھے، پھر بھی انہیں نشانہ بنایا گیا۔ مقتول کے بھائی نعمان نے بتایا کہ مصطفیٰ پانچ بہن بھائیوں میں سب سے بڑا تھا اور غیر شادی شدہ تھا۔ وہ گھر کا سہارا تھا اور اپنے اہل خانہ کے لیے محنت مزدوری کرتا تھا۔ یہ واقعہ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کی سنگینی کو واضح کرتا ہے۔ ماہ جولائی میں ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے اب تک 8 شہری اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ رواں سال کے دوران اسٹریٹ کرائم کے نتیجے میں قتل ہونے والوں کی تعداد 56 سے تجاوز کر چکی ہے۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے خلاف مؤثر اور فوری اقدامات کیے جائیں، تاکہ مزید معصوم جانوں کا ضیاع نہ ہو۔