علامہ راجہ ناصر عباس کا کراچی سے ریمدان بارڈر تک زائرین مارچ کا اعلان

مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کراچی سے ریمدان بارڈر تک زائرین کے ہمراہ مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اربعینِ حسینی کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے فیصلے کو کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔علامہ ناصر عباس نے تمام زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے قافلوں کے ہمراہ کراچی پہنچیں تاکہ مارچ کا آغاز کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اربعینِ امام حسینؑ ایک مذہبی اور انسانی حق ہے، اور اس پر کسی قسم کی پابندی یا رکاوٹ قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اربعین میں شرکت سے روکنے کی کوئی بھی کوشش نہ صرف مذہبی آزادی کے خلاف ہے بلکہ یہ آئینی و انسانی حقوق کی خلاف ورزی بھی شمار ہوگی۔ مجلس وحدت المسلمین کی جانب سے اس فیصلے کے خلاف میدانی اور قانونی مزاحمت کا عندیہ بھی دیا گیا ہے، اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے مزید مشاورت جاری ہے۔