امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے شرح سود میں 25 بیسز پوائنٹس کی کمی کے بعد عالمی سطح پر سونے کی طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونا 53 ڈالر کے اضافے کے ساتھ 4 ہزار 18 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا۔عالمی سطح پر اضافے کے اثرات مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی نمایاں ہوئے، جہاں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت 5 ہزار 300 روپے کے اضافے سے 4 لاکھ 24 ہزار 162 روپے ہو گئی، جبکہ فی 10 گرام سونا 4 ہزار 544 روپے مہنگا ہو کر 3 لاکھ 63 ہزار 650 روپے کی سطح پر پہنچ گیا۔چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا، فی تولہ چاندی 158 روپے اضافے کے بعد 5 ہزار 192 روپے جبکہ فی 10 گرام چاندی 136 روپے اضافے کے ساتھ 4 ہزار 451 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ماہرین کے مطابق شرح سود میں کمی سے سرمایہ کار دوبارہ قیمتی دھاتوں کی طرف راغب ہو رہے ہیں، جس سے عالمی سطح پر سونے کی طلب میں مزید اضافے کا امکان ہے۔






