کراچی کے علاقے کورنگی میں دو روز قبل ہونے والی کیش وین ڈکیتی میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے واردات میں ملوث دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق ملزمان نے گودام چورنگی کے قریب بینک کی کیش وین پر حملہ کیا تھا، جس میں وہ 95 لاکھ روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔ پولیس نے تکنیکی بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے نہ صرف ملزمان کو گرفتار کیا بلکہ ان کے قبضے سے چھینی گئی کار، 35 لاکھ سے زائد نقدی، دو پستول اور بارہ موبائل فون بھی برآمد کر لیے۔ حکام کے مطابق واردات کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے دو سیکیورٹی گارڈ زخمی ہوئے، جب کہ فرار کے دوران ایک شہری سے کار بھی چھین لی گئی تھی۔ مزید تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزمان نے چھینی گئی گاڑی کو استعمال کرتے ہوئے تین مختلف وارداتیں کی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ منظم گروہ 8 سے 10 افراد پر مشتمل ہے، جس کا سربراہ دیدار جاگیرانی نامی شخص ہے، جو تاحال مفرور ہے۔ اس گینگ کا خاص طریقہ واردات بینک سے کیش وینوں کا تعاقب کرکے رقم لوٹنا اور گاڑیاں چھیننا رہا ہے۔ ایس ایس پی کے مطابق بینک وین ڈکیتی کی واردات میں پانچ ملزمان شامل تھے، جن میں سے مزید گرفتاریوں کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔






