شہر قائد کا مطلع کہیں مکمل اور کہیں جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے

شہر قائد میں حالیہ مون سون سسٹم اچھی بارشیں برسانے کے بعد بلوچستان کی جانب منتقل ہوگیا، تاہم اس کے اثرات اب بھی کراچی میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔چیف میٹرولوجسٹ کراچی امیر حیدر لغاری کے مطابق آج شہر کا مطلع کہیں مکمل اور کہیں جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ مضافاتی علاقوں سمیت شہر کے مختلف حصوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ جمعہ کو مطلع جزوی ابر آلود اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔ بلوچستان منتقل ہونے والے بارش کے سسٹم کو بحیرہ عرب سے نمی مل رہی ہے، جس کے باعث نچلی سطح کے بادل کراچی پر موجود ہیں اور ان ہی کی وجہ سے ہلکی بارش یا پھوار کا امکان رہے گا۔ تاہم، چیف میٹرولوجسٹ نے واضح کیا کہ شہر میں موسلادھار بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔یاد رہے کہ 8 سے 11 ستمبر کے دوران مون سون کے حالیہ سسٹم کے تحت کراچی میں وقفے وقفے سے درمیانی اور تیز بارشیں ہوئیں، جس کے نتیجے میں ڈیموں میں پانی کی سطح بلند ہوئی اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث قریبی علاقے زیر آب آگئے۔ بارشوں کے دوران شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔