اورنگی ٹاؤن میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 7 سالہ بچہ جاں بحق

اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹر ساڑھے گیارہ میں تیز رفتار واٹر ٹینکر نے 7 سالہ معصوم بچے ارسلان ولد رئیس کو کچل کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ حادثے کے بعد علاقہ مکینوں نے سڑک بلاک کر کے شدید احتجاج کیا اور ملوث ڈرائیور کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، افسوسناک واقعہ خلیل مارکیٹ کے قریب ولایت شاہ بابا مزار کے قریب پیش آیا، جہاں تیز رفتار ٹینکر راہ چلتے ارسلان کو روندتا ہوا موقع سے فرار ہو گیا۔ بچے کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ حادثے کے فوری بعد علاقے میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔ مشتعل شہریوں نے سڑک کو بلاک کرتے ہوئے احتجاج کیا، اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ ٹینکر ڈرائیور کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچائیں۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ واٹر ٹینکر حادثے کے بعد تیزی سے گلی سے نکل رہا ہے، جبکہ ایک شخص اور ایک بچہ اس کے پیچھے دوڑتے دکھائی دیتے ہیں۔ فوٹیج میں بچہ اہلِ محلہ کو روتے ہوئے ٹینکر کی جانب اشارہ کرتا بھی نظر آتا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں واٹر ٹینکرز کی تیز رفتاری معمول بن چکی ہے اور انتظامیہ کی جانب سے کوئی کارروائی نہیں کی جاتی، جس کے باعث آئے روز اس قسم کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں واٹر ٹینکرز کی نقل و حرکت کے لیے سخت قوانین بنائے جائیں اور ان پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، تاکہ مزید قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچائی جا سکیں۔