صوابی اور گرد و نواح میں کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ، متعدد ہلاکتیں

خیبر پختونخوا کے ضلع سوات اور صوابی میں شدید بارشوں کے بعد کلاؤڈ برسٹ اور لینڈ سلائیڈنگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچادی۔ سیلابی ریلوں میں متعدد افراد بہہ گئے جبکہ اب تک کم از کم 19 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان کے مطابق دالوڑی گاؤں میں اچانک کلاؤڈ برسٹ سے پانی کا شدید ریلا آیا جس کے باعث 12 مکانات تباہ ہوگئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 15 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ کئی لاپتہ ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پہاڑی خطہ ہونے کی وجہ سے مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ہے، جس سے آمد و رفت میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انتظامیہ اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر متاثرہ علاقے روانہ کردی گئی ہیں جبکہ ہری پور اور مردان سے بھی امدادی عملہ طلب کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ رضاکارانہ طور پر متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھیں۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر مردان اور ڈپٹی کمشنر صوابی کو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو سرگرمیوں کی براہ راست نگرانی کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاکر لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے۔ ادھر گدون امازئی کے علاقے سرکوئی پایاں میں مکان کی چھت گرنے سے چار افراد جاں بحق اور سات زخمی ہوگئے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں دو خواتین اور دو بچے شامل ہیں۔ لاشوں اور زخمیوں کو ٹوپی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ہنگامی بنیادوں پر طبی امداد دی جا رہی ہے۔